دوسرے ٹیسٹ کا دوسرا دن:انگلش حکمرانی کی راہ میں محمد رضوان رکاوٹ
ساؤتھمپٹن: دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلش حکمرانی کی راہ میں محمد رضوان رکاوٹ بنے رہے جنہوں نے گرتی ہوئی وکٹوں کے دوران ناقابل شکست نصف سنچری بنا کر مجموعہ اس وقت 9 وکٹوں پر 223 تک پہنچا دیا جب بابر اعظم 47 رنز پر ہمت ہار گئے تھے ،بارش کی مداخلت کا سلسلہ جاری رہا اور پورے دن میں 40.2 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا،آخری سیشن میں خراب روشنی کے باعث کھیل کا اختتام ہوا تو جیمزاینڈرسن اور اسٹوارٹ براڈ کے تین،تین شکارنمایاں تھے ۔تفصیلات کے مطابق ایجیز باؤل گراؤنڈ پر انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز بھی بارش اور خراب روشنی کے باعث پورے دن میں 40.2 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا لیکن پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان نے انگلش حکمرانی کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہوئے پاکستانی ٹیم کا اسکور کسی حد تک باعزت بنا دیا۔پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی نامکمل اننگز پانچ وکٹوں کے ساتھ 126رنز پر دوبارہ شروع کی تو صبح کے سیشن کا کافی کھیل بارش کی نذر ہو چکا تھا البتہ بابر اعظم اور محمد رضوان لنچ تک اسکور پانچ وکٹوں پر 155رنز تک لے جانے میں کامیاب رہے ۔ دوسرے سیشن کا کھیل شروع ہوا تو اسٹوارٹ براڈ نے تین چوکوں سمیت 47 رنز بنانے والے بابر اعظم کو جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ کراکے اہم ترین کامیابی سمیٹی کیونکہ اسی دوران 18رنز کے فرق سے یاسر شاہ پانچ اور شاہین آفریدی بھی صفر پر پویلین لوٹ گئے تو گرین شرٹس کی آٹھ وکٹیں 176رنز پر گر چکی تھیں۔محمد رضوان نے اس دوران ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور محض دو رنز بنانے والے محمد عباس کے ساتھ نویں وکٹ کیلئے 39 قیمتی رنز کا اضافہ کیا جبکہ انہوں نے 104بالز پر اپنی نصف سنچری بھی مکمل کرلی لیکن آٹھ وکٹوں پر اسکور 215 رنز تھا تو خراب روشنی کے سبب کھیل روک کر چائے کا وقفہ کردیا گیا البتہ کھیل کا دوبارہ آغاز ہوا تو اسٹوارٹ براڈ نے محمد عباس کو بھی ایل بی ڈبلیو کرڈالا مگر اسی اوور کے اختتام پر خراب روشنی کے باعث روکا گیا کھیل دوبارہ شروع نہیں ہو سکا۔محمد رضوان 60 اور نسیم شاہ ایک رن پر کھیل رہے ہیں اور پاکستانی ٹیم نے نو وکٹوں پر 223 رنز تک رسائی ممکن بنالی ہے ۔ دو دن میں ابھی تک محض 86 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا ہے جو ایک دن کے مقررہ 90 اوورز سے بھی کم تعداد ہے یوں موسم کی ستم ظریفی اسی طرح جاری رہی تو اس میچ کا نتیجہ نکلنا مشکل ہو جائے گا۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹوارٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن نے تین ،تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرس ووکس اور سام کرن کو ایک،ایک وکٹ تک محدود رہنا پڑا۔