سی پیک گیم چینجر منصوبہ، غربت ختم ہوگی : شہبازشریف ، آپ نے بہترین کام کیا : چینی سفیر
اسلام آباد ; پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا سی پیک گیم چینجر اور فیٹ چینجر منصوبہ ہے اس سے غربت ختم ہوگی،چین کی دوستی پاکستان کی خوش قسمتی ہے ،شی جن پنگ نے عالمی و علاقائی امن کیلئے مثالی انداز اپنایا ،چینی عوام کو ایسی قابل قیادت ملنا خوش قسمتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی سفیر سے ملاقات کے دوران کیا ،چین کے سفارت خانے پہنچنے پر شہباز شریف کا استقبال چینی سفیر یائو جنگ نے دیگر حکام کے ہمراہ کیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاسی پیک منصوبہ پاک چین معاشی تعاون میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے ۔خوش قسمتی ہے کہ چین جیسا اچھا ہمسایہ اور بااعتماد دوست پاکستان کو میسرآیا،افغانستان میں قیام امن کے لئے چین کی دوراندیشی کی پالیسی اور تعاون خوش آئند ہے ،انہوں نے کہا کورونا وبا سے چین نے مثالی انداز میں جنگ کی، پاکستان کی مدد پر چین کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان اور چین دو بااعتماد سٹرٹیجک کوآپریٹو شراکت دار، آئرن برادرز اور امن وترقی کے پیامبر ہیں۔ اس موقع پر چینی سفیر نے کہاپاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں سی پیک پر بہترین رفتار اور جذبے سے کام کیا ،شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا آپ نے غیرمعمولی رفتار سے سی پیک منصوبوں اور پنجاب میں ترقی کے لئے کام کیا،پاکستان چین دوستی، سی پیک اور دونوں ممالک میں تعلقات کے فروغ کے لئے آپ کی کاوشوں کی قدر کرتے ہیں ، یائو جنگ نے کہا کمیونسٹ پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) میں روابط میں اضافہ خوش آئند ہے ،چین کے سفیر نے شہبازشریف کی سفارت خانے آمد پر شکریہ ادا کیااور خیرسگالی کے جذبات کا اظہارکیا ،اس موقع پر شہبازشریف نے پارٹی اور عوام کی جانب سے صدر شی جن پنگ، چینی قائدین اور عوام کے لئے نیک تمنائوں کا اظہارکیا ،شہباز شریف نے چین کے سفیر کی پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کوششوں اور متحرک کردار کو سراہا۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے مسلم لیگ ن راولپنڈی ڈویژن کے صدر ملک ابرار احمد نے ملاقات کی،ملک ابرار نے راولپنڈی ،اٹک، چکوال ،جہلم اور کنٹونمنٹس کی حدود میں تنظیم سازی ، یوتھ ونگ سمیت دیگر ذیلی تنظیمی امور کے حوالے سے بریفنگ دی ۔