کھیل

عظیم فٹبالر میراڈونا کا عہد ختم، 60 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت

فٹبال کے عہد ساز کھلاڑی آنجہانی میراڈونا کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ہے۔ رواں ماہ ہی ان کے دماغ کی سرجری ہوئی تھی۔ خیال رہے کہ ڈیاگو میراڈونا کا شمار دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔ ان کی قیادت میں ارجنٹائن نے 1986ء کا ورلڈ کپ جیتا تھا۔

فٹبال کی دنیا کے عظیم فٹبالر ڈیاگو میراڈونا نے ایسی کامیابیاں سمیٹیں اور وہ شہرت پائی جو بہت کم کھلاڑیوں کے حصے میں آتی ہے۔ کروڑوں افراد ان کے کھیل کے دیوانے تھے۔

ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن نے دنیا کے عظیم فٹبالر کے دنیا سے چلے جانے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘’ تم ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہو گے’’۔ ڈیاگو میراڈونا اپنے فٹبال کیریئر میں قومی ٹیم ارجنٹائن کے علاوہ بارسلونا اور نپولی کلب کی جانب سے بھی کھیلے اور اپنے فن کے جوہر دکھائے۔

ڈیاگو میراڈونا کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے 4 ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کی نمائندگی کی اور 91 میچوں میں 34 گول کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے اپنی کارکاردگی سے 1990ء میں اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بھی پہنچایا تھا تاہم ارجنٹائن کو مغربی جرمنی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد 1994ء میں بھی وہ اپنی ٹیم کا حصہ تھے تاہم ڈوپ ٹیسٹ میں ممنوعہ ادویات کا الزام ثابت ہونے پر انھیں واپس بھیج دیا گیا تھا۔ 1997ء میں انہوں نے فٹبال کو خیر باد کہتے ہوئے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

ریٹائرمنٹ کے بعد میراڈونا مختلف معاشی اور نفسیاتی مسائل کا شکار رہے۔ انھیں نشے کی لت لگ گئی تھی جس کی وجہ سے ان کی صحت روز بروز گرنا شروع ہو گئی تھی جبکہ ورزش سے دوری نے ان کا جسم بھی فربہ کر دیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button