کھیل

پہلے ٹیسٹ کا چوتھا دن: گرین شرٹس ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کی برابری کیلئے کوشاں

کنگسٹن ( اسپورٹس ڈیسک ) پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز گرین شرٹس ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کی برابری کیلئے کوشاں دکھائی دیئے جنہوں نے دوسری اننگز میں چائے کے وقفے تک پاکستان نے تین وکٹوں پر 107رنز بنا کر259رنز کی برتری حاصل کرلی،عمران بٹ،عابد علی اور اظہرعلی کی تیزرفتاری سے بیٹنگ نے پاکستان کی پوزیشن بہتر بنا دی،اس سے قبلہوم ٹیم پہلی اننگز میں 150رنز پر سمٹ گئی،این کرومابونر 37، جرمین بلیک ووڈ 33اور جیسن ہولڈر ہی 26رنز بنا سکے ،شاہین آفریدی کے چھ اور محمد عباس کے تین شکاروں نے پاکستان کو کھیل پر حاوی کردیا۔تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے چوتھی صبح تین وکٹوں پر 39 رنز کے ساتھ اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو شاہین آفریدی نے نائٹ واچ مین الزاری جوزف کو چار رنز بنانے کے بعد رخصت کردیا لیکن اس کے بعد این کروما بونر اور جرمین بلیک ووڈ نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 60 رنز جوڑ کر پاکستانی بالرز کو مایوس کردیا تھا تو اس موقع پر محمد عباس نے چھ چوکوں سمیت 37 رنز بنانے والے این کروما بونر کو وکٹوں کے عقب میں کیچ کرادیا اور اگلی بال پر کائیل میئرز بھی صفر کا تحفہ لے کر واپس لوٹ گئے تو پاکستانی ٹیم کھیل میں واپس آگئی کیونکہ اسکور میں چار رنز کا اضافہ جرمین بلیک ووڈ کو بھی لے ڈوبا جو 33 رنز میں چھ چوکے لگا کر شاہین آفریدی کے ہاتھوں جکڑے گئے ۔محمد عباس نے چھ رنز بنانے والے جوشوا ڈا سلوا کو ایل بی ڈبلیو کیا تو جیسن ہولڈر نے اپنے شاٹس کھیلنے کا فیصلہ کیا مگر وہ دو چوکوں اور دو چھکوں سمیت 26 رنز ہی بنا سکے اور شاہین آفریدی نے کیمار روچ کو چھٹا شکار بنا کر ویسٹ انڈیز کو 150 رنز پر محدود کر دیا۔محمد عباس نے بھی تین وکٹیں لے کر پاکستان کو پہلی اننگز میں 152 رنز کی برتری دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔واضح رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں نو وکٹوں پر 302 رنز بنا کر پہلی اننگز ڈیکلیئرڈ کردی تھی جس میں فواد عالم ناقابل شکست 124 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ ویسٹ انڈیز کیلئے کیمار روچ اور جیڈن سیلز نے تین،تین جبکہ جیسن ہولڈر نے دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔پاکستانی ٹیم نے دوسری اننگز میں عمران بٹ کے 37 اور عابد علی کے 29 رنز کی بدولت اابتدائی دس اوورز میں 70 رنز کی لوٹ مار کی جبکہ اظہرعلی نے بھی 22 رنز کا اضافہ کرکے پویلین کا رخ کیا تو بابر اعظم ٹی ٹائم پر پانچ رنز بنا کر کھیل رہے تھے اور تین وکٹوں پر 107 رنز بنا کر گرین شرٹس نے 259 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button