جی 20اجلاس ، قرضوں میں ریلیف دینا ہوگا:عالمی بینک

ریاض : سعودی عرب کی میزبانی میں جی 20سربراہی کانفرنس شروع ہوگئی،2دن تک جاری رہنے والی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے رکن ممالک پر زور دیا کہ کوروناکی عالمی وبا سے نمٹنے کیلئے ویکسین اور دیگر سامان تک سستی ،آسان اور منصفانہ رسائی یقینی بناناہوگی۔ اجلاس سے اپنے ویڈیو لنک خطاب میں چینی صدر شی جن پنگ نے کہا چین کوویڈ 19 ویکسین کی ریسرچ، تیاری، پیداوار اور تقسیم کیلئے دیگر ممالک کیساتھ تعاون کو مستحکم بنانے کیلئے تیار ہے ۔ ہم وعدے پورے کرتے ہیں، انہوں نے کہا اپنے لوگوں اور دیگر ملکوں کے شہریوں کی فلاح کیلئے ویکسین کی تیاری میں محنت کررہے ہیں۔ اجلاس میں زیادہ تر بات چیت کورونا وائرس اور بدترین عالمی معاشی مندی سے نمٹنے کی کوششوں پر ہوئی ، گروپ کے رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ کورونا ویکسین تک عالمی رسائی یقینی بنائی جائے ۔اجلاس سے فرانس کے صدر میکخوان اور ترک صدر طیب اردوان نے بھی ورچوئل خطاب کیا۔ادھر عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس نے جی 20 گروپ کے رہنماؤں کو خبردار کیا کہ غریب ممالک کو قرضوں میں مستقل ریلیف دینا ہوگا،ایسا نہ کرنے پر غربت میں اضافہ ہوگااور 1980 کی دہائی کی طرح قرضوں کے ڈیفالٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاقرضوں میں کمی اور شفافیت سے پیداواری سرمائے میں اضافہ ہو گا۔



