
کنگسٹن ( سپورٹس ڈیسک ) ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز ابتدائی دو سیشن کا کھیل بارش کی نذر ہو گیا اور مقررہ وقت سے پندرہ منٹ قبل ٹی ٹائم کیا گیا تو اگلا معائنہ مقامی وقت کے مطابق3 بجکر45 منٹ پر ہونا تھا۔ سبائنا پارک پر دوسرے روز صبح سے ہی بارش کا سلسلہ وقفوں سے جاری رہا جس کے باعث پہلا سیشن ضائع ہو گیا اور قبل از وقت لنچ کرنا بھی سودمند ثابت نہیں ہو سکا کیونکہ بارہ بجکر پینتالیس منٹ پر میچ شروع کرانے میں ناکامی کے بعد مقامی وقت کے مطابق امپائرز کو ایک بجکر بیس منٹ پر گراؤنڈ کا دوبارہ جائزہ لینا تھا تو ایک بجکر اٹھارہ منٹ پر تیز ہوا کے ساتھ بارش دوبارہ شروع ہو گئی اور وکٹ پر کورز ڈال دیئے گئے جس کے سبب کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم سے نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا۔واضح رہے کہ دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام تک پاکستان نے چار وکٹوں پر 212 رنز بنا کر اپنی پوزیشن کافی بہتر بنالی تھی۔چائے کے وقفے کے بعد سکور تین وکٹوں پر 160 رنز تھا تو فواد عالم کو پٹھوں میں کھنچاؤ کے باعث میدان چھوڑنا پڑا جو گیارہ چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کر اپنے کپتان کے ساتھ 158 رنز جوڑ چکے تھے ۔سکور میں آٹھ رنز کا اضافہ ہوا تو کیمار روچ نے بابر اعظم کو بھی سلپ میں موجود جیسن ہولڈر کے ہاتھوں کیچ کرادیا جو تیرہ چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنا چکے تھے ۔محمد رضوان نے 22 اور فہیم اشرف نے 23 رنز بنا کر ٹوٹل چار وکٹوں پر 212 تک پہنچایا تو امپائرز نے خراب روشنی کے باعث کھیل قبل از وقت ختم کردیا۔ہوم ٹیم کی جانب سے کیمار روچ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔




