
اسلام آباد : ن لیگی رہنما احسن اقبال کی احتساب عدالت اسلام آباد میں نارووال اسپورٹس کمپلیکس ریفرنس میں ایک اور پیشی،کہتے ہیں وزرا اداروں پر تنقید سے قبل اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔ نئی حلقہ بندیوں سے پسماندہ علاقوں کی نمائندگی کم ہو جائے گی۔
سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے انتخابی اصلاحات پر مبنی بل کو انتخابات میں دھاندلی کا حکومتی پیکج قرار دے دیا بولے حکومتی پالیسیوں کے باعث ملکی سیاست اور معیشت کا ستیاناس کردیا گیاہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے نارووال اسپورٹس کمپلیکس ریفرنس پر سماعت کی۔مرکزی ملزم احسن اقبال عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ نیب کے گواہ اظہار الحق کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد عدالت نے نیب کی جانب سے مزید تین گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا جو چھ اکتوبر کو ہوگی۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے اکتیس سو ارب روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا۔ حکومتی پالیسیوں کے باعث ملکی سیاست اور معیشت تباہ ہوگئی۔
سابق وزیر داخلہ نے حکومتی انتخابی اصلاحات بل کو انتخابات میں دھاندلی کا پیکج قرار دیتے ہوئے کہا نئی حلقہ بندیوں سے پسماندہ علاقوں کی نمائندگی کم ہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر کا نام اپوزیشن نے نہیں بلکہ حکومت نے تجویز کیا۔ لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھاکہ دو ہزار نو میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد مشکل سے کھیلوں کے میدان آباد کیئے مگر حکومتی پالیسیوں کے باعث غیر ملکی ٹیموں نے کھیلنے سے انکار کردیا



