اہم خبریںبین الاقوامی

عالمی برادری طالبان کو افغانستان میں مکمل موقع اور وقت دے، برطانوی آرمی چیف

لندن:  برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نک کارٹر نے کہا ہے کہ طالبان اس بار تبدیل ہوکر آئے ہیں اور ماضی کے مقابلے میں قدرے مختلف ثابت ہوسکتے ہیں۔  

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی فوج کے سربراہ نک کارٹر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کے خیال میں طالبان اس بار اپنے رویے اور برتاؤ میں کافی تبدیلی کے ساتھ واپس آئے ہیں اور نئی افغان حکومت میں دیگر فریقین کو بھی شامل کریں گے۔

برطانوی جنرل نک کارٹر نے مزید کہا کہ طالبان کو افغانستان میں نئی ​​حکومت بنانے کے لیے مکمل موقع اور وقت دیا جانا چاہیے۔ طالبان بھی ایسا افغانستان چاہتے ہیں جو سب کے لیے ہو۔

برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ سابق افغان صدر حامد کرزئی سے رابطے میں ہیں اور حامد کرزئی افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کے لیے طالبان سے مشاورت کریں گے۔

برطانیہ کے وزیر دفاع جیمز ہیپی نے اپنے ایک بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ طالبان بدل گئے ہوں گے، یہ طالبان وہ نہیں جو 90 کے وسط میں افغانستان پر قابض ہوئے تھے۔ توقع ہے کہ طالبان اپنی بدنامی نہیں چاہیں گے اور اس بار ان کا رویہ کافی مختلف ہوگا۔

واضح رہے کہ 15 اگست کو طالبان نے افغانستان پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا تھا اور گزشتہ روز ملک میں امارات اسلامی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت مملکت کا نام ’’دَ افغانستان اسلامی امارت‘‘ ہوگا جب کہ نئے جھنڈے اور سرکاری نشان کی تصویر بھی شیئر کی گئی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button