چین نے ’’مائیکرو ویو ‘‘سے بھارتی فوجیوں کو جھلسا کر بھگایا

بیجنگ : چینی پروفیسر نے دعویٰ کیا ہے کہ چینی فوج نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی )کی کشمکش کے دوران بھارتی فوجیوں کو پسپا کرنے کیلئے ‘‘مائیکرو ویو’’ہتھیار استعمال کئے جس سے بھارتی فوجی شدید بیمار ہو گئے ۔بیجنگ یونیورسٹی کے عالمی امور کے پروفیسر جن کانرونگ نے طلبہ کو بتایا کہ الیکٹرو میگنیٹک ہتھیار دشمن فوج کے جسم کے ٹشوزجلاسکتے ہیں، انہوں نے پہاڑوں کی چوٹیاں ‘‘مائیکرو ویو اوون ’’میں تبدیل کر دیں اور بھارتی فوجیوں کو جھلسا دیاجس پر انڈین فوجی الٹیاں کرتے بھاگ کھڑے ہوئے ۔ پروفیسر جن نے اپنی فوج کی شاندار چال کی تعریف کرتے ہوئے کہا اس سے متنازعہ علاقہ ہتھیاروں کے استعمال پر پابندی کی خلاف ورزی کئے بغیر بھارتی فوجیوں سے خالی کرا لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مائیکرو ویو ہتھیار پانی کے مالیکیول باورچی خانے کے آلات کی طر ح گرم کرتے ہیں ، ان کا ہدف جلد کے نیچے کا پانی ہوتا ہے اور یہ ایک کلومیٹر دور سے ہدف کو شدید درد میں مبتلا کر دیتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق میدان جنگ میں مائیکروویو ہتھیاروں کا استعمال پہلی بار دیکھنے میں آیا ہے ۔ دی ٹائمز کے مطابق مائیکروویو ہتھیار بھارتی اور چینی فوجیوں کی گھونسوں ،مکوں اورڈنڈوں کی جھڑپ کے چند ہفتے بعد اگست میں نصب کئے گئے تھے ۔ پروفیسر جن نے بتایا کہ مائیکروویو ہتھیاروں کے استعمال کے 15 منٹ بعد چوٹیوں پر قابض فوجیوں کے جی متلانا شروع ہوگئے اور پھر وہ نڈھال ہو کرالٹیاں کرتے بھاگ کھڑے ہوئے ، یوں چینی فوجیوں نے چوٹیوں پر دوبارہ قبضہ کر لیا۔ انہوں نے کہاکہ چینی فورسز نے ان ہتھیاروں کے استعمال کا فیصلہ زیادہ بلندی کی وجہ سے کیا جہاں ان کے مدمقابل بھارتی فوج کے تبتی نژاد فوجی تھے جوکہ پہاڑوں پر چڑھنے کے ماہر مانے جاتے ہیں۔




