ایران امریکا تنازع کا حل دھمکیوں اور فوجی کارروائیوں میں نہیں: عباس عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکا تنازع حل کرنے کے لیے پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہیں، علاقائی ممالک کے درمیان رابطوں اور مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانا ہو گا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کا ایران پر حملہ، خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں عدم تحفظ کی وجہ بنا، آبنائے ہرمز کو ایران سے الگ کر کے نہیں دیکھا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں، علاقائی سلامتی کے لیے عدم جارحیت کے اصول پر مبنی نظام قائم کرنا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت کو روکنا ناگزیر ہے، آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی کے لیے پائیدار علاقائی تعاون اہم ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ غزہ کی صورتحال تشویشناک ہے،اسرائیل سے انسانی امداد کی ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی صورتحال اقوام عالم کے لیے ایک سوال ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری خاموشی اختیار کرنے کے بجائے فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے، ای سی او کا اٹھارہواں سربراہی اجلاس 4 دسمبر کو تہران میں منعقد ہوگا۔
