
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کیلئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ہوم ایونٹ کے مترادف ہے جن کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں بہت زیادہ کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے انہیں کنڈیشنز کا بخوبی اندازہ ہے جبکہ شیڈول کے اعلان نے ان کو تیاریوں کی جانب ایک قدم اور آگے بڑھا دیا ہے ۔بابر اعظم کے مطابق وہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ہوم سیریز کے میچوں میں کارکردگی کی بہتری کے ساتھ جیت کو یقینی بنائیں گے تاکہ فتح گر ٹیم کے طور پر ورلڈ کپ کا حصہ بن سکیں جہاں ایک عشرے سے زائد مدت تک کھیلنے کے باعث انہیں ہوم کنڈیشنز کا فائدہ مل جائے گا۔بابراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی ورلڈ کپ میں پرفارم کرنے کیلئے بے چین ہی نہیں پرجوش بھی ہیں تاکہ ایک مرتبہ پھر مختصر ترین فارمیٹ پر اپنی حکمرانی ثابت کریں جس کیلئے حالات پوری طرح سازگار ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بطور کپتان یہ ان کا کسی آئی سی سی ایونٹ میں پہلا بڑا امتحان ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ ساتھی کھلاڑیوں کو اعتماد دیتے ہوئے وہ پاکستانی ٹیم کو ایشیا میں پہلے گلوبل اعزاز کا مالک بنا دیں۔




