
لاہور( سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی نے رواں سال متحدہ عرب امارات اور اومان میں ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق روایتی حریف پاکستان اور بھارت 24 اکتوبر کو پنجہ آزما ہونگے ، کوالیفائنگ مرحلے کا 17 اکتوبر سے آغاز ہوگا جہاں سے چار ٹیموں کی اگلے مرحلے میں شمولیت ممکن ہو سکے گی،سپر 12 راؤنڈ کے میچوں کا 23 اکتوبر سے انعقاد ہوگا جس کے دوسرے روز روایتی حریف ایشیائی پڑوسی ملک دو سال بعد مقابل آئیں گے جبکہ گرین شرٹس کو نیوزی لینڈاور افغانستان کے علاوہ 2 کوالیفائر ٹیموں کا چیلنج بھی درپیش ہوگا۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا مکمل شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق17اکتوبر سے کوالیفائنگ مرحلے کا آغاز ہوگا جس کے گروپ اے میں سری لنکا،آئرلینڈ،ہالینڈ اور نمیبیا جبکہ گروپ بی میں میزبان ملک اومان کے علاوہ بنگلہ دیش،سکاٹ لینڈ اور پاپوانیو گنی کی ٹیمیں شامل ہیں جو اومان،ابوظہبی اور شارجہ میں اپنے میچز کھیلیں گی اور دونوں گروپس سے دو،دو سرفہرست ٹیمیں اگلے مرحلے میں شمولیت ممکن بنائیں گی۔ٹورنامنٹ کا دوسرا راؤنڈ سپر 12میچوں پر مشتمل ہوگا جس کے گروپ ون میں انگلینڈ،آسٹریلیا،جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز،گروپ اے کی فاتح اور گروپ بی کی رنرز اپ سائیڈ شامل ہوگی جبکہ گروپ ٹو میں پاکستان،بھارت، افغانستان ،نیوزی لینڈ،گروپ اے کی رنرز اپ اور گروپ بی کی فاتح ٹیم کو رکھا جائے گا۔سپر12 کے مقابلوں کا آغاز 23 اکتوبر کو ابوظہبی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان مقابلے سے ہوگا جبکہ 24 اکتوبر کو ایونٹ کا سب سے بڑا معرکہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں ہوگا جہاں دونوں ممالک ورلڈ کپ 2019 کے بعد پہلی مرتبہ مقابل آئیں گے تاہم مختصر فارمیٹ کے گلوبل ایونٹ میں یہ ان کا چھٹا مقابلہ ہوگا۔دو دن کے فرق سے پاکستانی ٹیم شارجہ میں کین ولیم سن کی زیرقیادت کیوی ٹیم کے مقابل آئے گی اور 29 اکتوبر کو گرین شرٹس کا سامنا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ افغانستان سے دبئی میں ہوگا کیونکہ دونوں ٹیمیں اس سے قبل 2013 میں ایک بار ہی مقابل آسکی ہیں جب پاکستان نے کامیابی کو گلے لگایا تھا۔پاکستان کو ٹورنامنٹ کے دوران دو میچز کوالیفائنگ مرحلے میں گروپ بی کی فاتح اور گروپ اے کی رنرز اپ ٹیموں کیخلاف کھیلنے ہوں گے اور متحدہ عرب امارات میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا اعزاز رکھنے والی ٹیم ابتدائی چار ایڈیشنز کی طرح لاسٹ فور میں رسائی کی کوشش کرے گی کیونکہ دونوں سپر 12 گروپس سے دو،دو ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔پہلا سیمی فائنل 10نومبر کو ابوظہبی اور دوسرا 11 نومبر کو دبئی میں جبکہ فائنل بھی 14نومبر کو دبئی میں ہی کھیلا جائے گا اور تینوں اہم مقابلوں کے دوران اگلے روز ریزرو ڈے کی سہولت رکھی گئی ہے ۔واضح رہے کہ مذکورہ ٹورنامنٹ گزشتہ برس آسٹریلیا میں کھیلا جانا تھا مگر کوویڈ کے سبب اسے بھارت منتقل کیا گیا اور مزید پیچیدگیاں سامنے آنے پر اس کے متحدہ عرب امارات کے اہم مراکز ابوظہبی،شارجہ اور دبئی میں انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔




