صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے جان لیوا کروناوائرس سے بچاو کیلئے ملک بھر کے علماء ومشائخ سے مسلسل رابطے اور مشاورت کے نتیجے میں کامیاب حکمت عملی بنانے کی ایک نئی مثال قائم کی

0 42

کوئٹہ : گورنربلوچستان امان اللہ خان یا سین زئی نے کہا ہے کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے جان لیوا کروناوائرس سے بچاو کیلئے ملک بھر کے علماء ومشائخ سے مسلسل رابطے اور مشاورت کے نتیجے میں کامیاب حکمت عملی بنانے کی ایک نئی مثال قائم کی اور اس ضمن میں ان کی یہ مخلصانہ کاوشیں لائقِ تحسین ہیں. انہوں نے کہا کہ وسیع مشاورت سے یکجہتی کے ساتھ اعلامیہ جاری کرنے اور حفاظتی تدابیر کے ساتھ بالخصوص جمعہ کی نماز اور تراویح کی ادائیگی کے حوالے سے حکمت عملی وضع کرنے کے بہت مثبت نتائج برآمد ہوں گے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں صوبے بھر کے جید علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ہفتہ کے روز کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر مذہبی اجتماعات بالخصوص نماز جمعہ اور تراویح کی ادائیگی کے حوالے سے ملک بھر کے جید علماء کرام اور تمام صوبوں کے گورنر صاحبان کے ساتھ باقاعدہ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا تھا. بلوچستان سے گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی, صوبے بھر کے علماء و مشائخ کے علاوہ آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ، ایڈشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط اور صوبائی سیکرٹری بالاچ عزیز بھی شریک تھے۔ صدر پاکستان کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے اختتام پر گورنر بلوچستان نے علماء و مشائخ سے گفتگو کے دوران کہا کہ کروناوائرس کے باعث پیدا ہونے والی پوری صورتحال کے دوران صوبہ بھر کے علماء و مشائخ نے نہ صرف تمام حفاظتی تدابیر کی پاسداری کو یقینی بنایا بلکہ عوام کو بھی ضروری حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا درس دیتے آرہے ہیں. گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہمیں رمضان المبارک باجماعت نمازوں سمیت اجتماعی افطاری کے دوران بھی کروناوائرس کی حساسیت کو سنجیدگی سے لینے اور حفظان صحت کے تمام اصولوں کو سختی سے اپنا نے کی اشد ضرورت ہے. آخر میں گورنر بلوچستان اور علماء اکرام نے کرونا وائرس سے بچاو کیلئے خصوصی دْعا کی.

Leave A Reply

Your email address will not be published.