
اسلام آباد: وفاقی وزیر شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس جاری ہے، جس میں تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت اجلاس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہیں۔ اجلاس کو کورونا کیسز کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی، موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق بھی مشاورت ہوگی، موسم سرما کی چھٹیاں جلدی اور لمبی کرنے کی تجویز پر تبادلہ خیال ہو گا۔
صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے مکمل تعلیمی ادارے بند کرنے کی بجائے سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز دی ہے۔ این سی او سی نے موسم سرما کی چھٹیاں پہلے اور زیادہ دینے کی تجویز دی ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 19 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 160 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 59 ہزار 32 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 128 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 10 ہزار 450، سندھ میں ایک لاکھ 55 ہزار 680، خیبر پختونخوا میں 42 ہزار 370، بلوچستان میں 16 ہزار 407، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 452، اسلام آباد میں 24 ہزار 218 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 455 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 49 لاکھ 50 ہزار 561 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 511 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 23 ہزار 824 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 379 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔




