میڈونا اپنی زندگی پر بننے والی فلم کی خود ہی ہدایات دیں گی

گذشتہ صدی میں دنیا کی 25 بااثر خواتین اور سب سے معروف پاپ گلوکارہ کا درجہ رکھنے والی امریکی گلوکارہ، لکھاری و ہدایت کار 62 سالہ میڈونا اپنی ہی زندگی پر بننے والی فلم کی خود ہی ہدایات دیں گی۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یونیورسل پکچر نے 15 ستمبر کو اعلان کیا کہ پروڈکشن ہاؤس جلد ہی میڈونا کی زندگی پر بننے والی فلم پر کام کا آغاز کردے گا۔
رپورٹ میں تصدیق کی گئی کہ گلوکارہ و ہدایت کارہ میڈونا خود ہی اپنی زندگی پر بننے والی فلم کی ہدایات دیں گی اور فلم ان کی موسیقی کی زندگی پر مبنی ہوگی۔
میڈونا جہاں اپنی زندگی پر بننے والی فلم کی ہدایات دیں گی، وہیں وہ مذکورہ فلم کی شریک لکھاری بھی ہوں گی اور وہ ایوارڈ یافتہ لکھاری ڈیابلو کوڈی کا ساتھ دیں گی۔
میڈونا کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کا نام تاحال نہیں رکھا گیا جب کہ فلم کو ایمی پاسکل پروڈیوس کریں گے، جو ماضی میں میڈونا کے ساتھ فلمیں پروڈیوس کر چکے ہیں۔
میڈونا اور ایمی پاسکل نے 1992 میں (اے لیگ آف دیئر اون) مشترکہ طور پر بنائی تھی، جب کہ میڈونا نے آخری بار 2011 میں رومانٹک تاریخی فلم (ڈبلیو ای) کی ہدایات دی تھیں۔
ڈبلیو ای میں برطانوی بادشاہ ایڈورڈ آٹھویں کے امریکی طلاق یافتہ خاتون سے معاشقے کو تاریخی تناظر میں دکھایا گیا تھا۔



