بی جے پی کا ظالمانہ رویہ،کشمیری بندوق اٹھانے لگے :محبوبہ

سرینگر : مقبوضہ کشمیر کی سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بی جے پی کے ظالمانہ رویے کی وجہ سے کشمیری نوجوان جیل جانے کی بجائے بندوق اٹھانے کو ترجیح دینے لگے ہیں۔جموں میں پارٹی دفتر میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دفعہ370 کی بحالی چاہتی ہیں ، بی جے پی کو کشمیری عوام سے چھینی ہوئی ہر چیز واپس کرنی ہوگی۔ موجودہ حکومت ظالمانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے اور جو بھی ان کے خلاف بولتا ہے اسے جیل میں دھکیلا جارہا ہے ۔ادھرمقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے ، ضلع اسلام آباد کی مٹن جیل میں ایک سال سے قید نوجوان شہزاد احمد شہید ہوگیا ، ادھر ضلع راجوڑی میں بھارتی فوج کا ایک میجر اپنے کیمپ میں پراسرار طوپر مردہ پایا گیا۔مذکورہ افسرفوج کی راشٹریہ رائفلز سے وابستہ تھا اورضلع کے علاقے تھنہ منڈی میں تعینات تھا۔میجر کی موت کی تحقیقات کیلئے کورٹ آف انکوائری کا حکم دیدیاگیا۔



