
سپین ( سپورٹس ڈیسک ) پیرس سینٹ جرمین فٹ بال کلب جوائن کرنے سے قبل میسی بارسلونا کو الوداع کہنے پر رو پڑے ۔پی ایس جی فٹ بال کلب میں شمولیت سے قبل پریس کانفرنس کے دوران میسی کے آنسو نکل آئے ، میسی نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے بہت سے خیالات ذہن میں آرہے تھے کہ کلب چھوڑنے کے بارے میں کیا کہنا چاہیے تاہم سچ یہ ہے کہ میرے پاس بولنے کیلئے کچھ نہیں۔میسی نے کہا کہ اتنے سالوں کے بعد یہ فیصلہ میرے لیے انتہائی مشکل ہے ، میری ساری زندگی بارسلونا کلب کے ساتھ گزری، ایمانداری کی بات یہ ہے کہ میں اس فیصلہ کیلئے تیار نہیں تھا تاہم اب مجھے خدا حافظ کہنا پڑرہا ہے ، بارسلونا میرا گھر تھا اور ہمیشہ رہے گا۔پریس کانفرنس کے دوران 34 سالہ میسی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور پھوٹ پھوٹ کر روتے دکھائی دئیے ۔



