پی سی بی نے ثقلین مشتاق کو مزید 12 ماہ کیلئے ہیڈ کوچ مقرر کر دیا

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق کو مزید 12 ماہ کے لیے پاکستان کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا۔ محمد یوسف کو آسٹریلیا سیریز کے لیے بیٹنگ کوچ جبکہ شان ٹیٹ کو 12 ماہ کے لیے پاکستان کا فاسٹ باؤلنگ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔ کپتان بابراعظم اور نائب کپتان محمد رضوان ہوں گے۔ 16 کھلاڑی اور 5 ریزرو کھلاڑی ہوں گے۔ ٹیسٹ سکواڈ میں 3 تبدیلیاں کر دی گئیں۔ حارث رؤف اور شان مسعود کی سکواڈ میں واپسی ہوئی، دونوں کھلاڑیوں کو بلال آصف اور عابد علی کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا۔
دیگرکھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، اظہر علی، فہیم اشرف اور فواد عالم شامل ہیں۔ حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نعمان علی، ساجد خان، سعود شکیل بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور زاہد محمود بھی سکواڈ میں شامل ہیں۔ کامران غلام، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور یاسر شاہ ریزرو کھلاڑی ہوں گے۔




