پاکستان دنیا کے ہر فورم پر کشمیر ایشو کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا آرہا ہے : گورنر بلوچستان

گورنر بلوچستان کا یوم کشمیر پیغام : پانچ فروری کو یومِ کشمیر منانے کا مقصد اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرنا ہے. پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان دنیا کے ہر فورم پر کشمیر ایشو کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا آرہا ہے اور ہمیشہ کیطرح یہ پُر زور مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے تاکہ وہ اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرسکیں. لہذا ضروری ہے کہ انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ کشمیر کے سلسلے کی جانب مبذول کرائی جائے اور عالمی رائے کو انکے حق میں استوار کیا جائے. ہمارے کشمیری بھائی ایک طویل عرصہ سے اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کرتے آرہے ہیں. انکی جدوجہد آزادی کو روکنے کیلئے ان پر مختلف قسم کے مظالم ڈھائے جارہے ہیں لیکن اسکے باوجود وہ انتہائی صبر و استقامت کے ساتھ اُن تمام مظالم اور کٹھن حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی آزادی کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں. بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر اسکا مکمل قبضہ اور بھارتی آئین کے ارٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی نہ صرف تمام قوانین اور اقدار کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے بھارت کا اپنا غیر انسانی اور غیر جمہوری چہرہ بھی دنیا کے سامنے بینقاب ہوا ہے. ہمیں یقین ہے کہ کشمیری اپنی جدوجہد آزادی میں ضرور سرخرو ہونگے اور کشمیر کے مسئلے کے حل ہونے سے پورے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہوگا.


