
لاہور محمدحسنین کا بولنگ ایکشن غیرقانونی قرار دے دیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حسنین کوبولنگ سے روک دیا۔
محمد حسنین کا بولنگ ایکشن ٹیسٹ 21جنوری کو لاہور میں واقع آئی سی سی کے ایکریڈیٹڈ لیب میں کیا گیا جس کا جائزہ لینے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے ماہرین نے فاسٹ بولر کے بالنگ ایکشن کو غیرقانونی قراردے دیا۔غیر قانونی بولنگ ایکشن قوانین کے تحت جب تک محمد حسنین دوبارہ اپنے بالنگ ایکشن کا ٹیسٹ کلیئر نہیں کرلیتے وہ بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے ۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محمد حسنین کے بولنگ ایکشن سے متعلق کرکٹ آسٹریلیا کی رپورٹ میں نوجوان فاسٹ بولرمحمد حسنین کے بولنگ ایکشن کوغیرقانونی قراردیا گیا ہے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کی ٹیکنیکل کمیٹی کی سفارش پرپی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ محمد حسنین کو پی ایس ایل میں مزید شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
پی سی بی کے مطابق رپورٹ کا جائزہ لینے اورماہرین سے مشورے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ محمدحسنین کے لئے بولنگ کنسلٹنٹ کا تقررکیا جائے گا تاکہ ان کا بولنگ ایکشن درست کیا جاسکے۔
محمد حسنین بولنگ ایکشن درست ہونے کے بعد دوبارہ ٹیسٹ دیں گے۔پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گڈ لینتھ اورفل لینتھ بانسر اور سلو بانسر کی ڈیلیوریز پھینکتے وقت ان کے بازو کا خم 15 ڈگری کی حد سے تجاوز کررہا ہے۔




