اقوام متحدہ، بھارت کو مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے سے روکے، پاکستان
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو ‘مودی کی آباد کاری اسکیم’ کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے سے روکے۔
رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مکمل سالانہ رپورٹ سے متعلق غیر رسمی اجلاس کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ ‘کونسل نے ہندوتوا انتہا پسند گروپوں پر لگام ڈالنے کے لیے بہت کم کام کیا ہے جو پورے بھارت خصوصا مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو دہشت زدہ کررہے ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جتنا پارٹی اور آر ایس ایس کے گٹھ جوڑ پر مبنی حکومت مقبوضہ کشمیر میں خود کو ‘حتمی حل ‘ کے نام سے موسوم کر رہی ہے۔
منیر اکرم نے کہا کہ آباد کاری کے ذریعہ آبادیاتی سیلاب کا مقصد کشمیری عوام کو تقسیم اور ان کے آزادانہ حقوق سے محروم کرنا اور ان کی مسلم شناخت کو ختم کرنا ہے۔”
پاکستانی مندوب نے عالمی ادارہ کو یاد دلایا کہ کشمیر کے بارے میں اس کی اپنی قراردادیں 70 سال سے زیادہ عرصے سے لاگو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر بین الاقوامی برادری تنازعات کی روک تھام اور تنازعات کے پر امن حل کو فروغ دینے کی اپنی کوششوں میں کامیاب نہیں ہوسکتی ہے تو اس کی اپنی قراردادیں جان بوجھ کر کچھ لوگوں کے ہاتھوں نظرانداز ہورہی ہیں۔