ہرنائی میں شہریوں کو تنگ کیا جارہا ہے ، پشتونخوامیپ

کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں فورس کی جانب سے ضلع ہرنائی کوئٹہ شاہراہ پر شہریوں، مسافروں کو ایف سی کی جانب سے بیجا تنگ کرنے ان کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس پشتون بلوچ صوبے پر ایک جانب عوام پر نااہل ناکام افراد کو انتخابات میں بدترین دھاندلی کرکے عوام پر اقتدار کی صورت میں مسلط کردیا گیا اور دوسری جانب فورس کی متوازی حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ نااہل سلیکٹڈ اور بے بس صوبائی حکومت عوام کے خزانے کے اربوں روپے جہاں عوام کی جان ومال کی تحفظ کیلئے سیکورٹی کی مد میں فورس کو دے رہی ہے وہی ایف سی فورس عوام کوبیجا تنگ کرنے، ان کے سرزمین وسائل پر دن رات قبضہ کرنے کے ناروا اقدامات کررہی ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع ہرنائی جوکہ قدرتی خزانوں سے مالامال ضلع ہے اور اس کے مالک وہاں کے عوام ہے۔ ہرنائی میں کوئلہ، سنگ مرر،لائم سٹون، قیمتی پتھر، تیل اور گیس کے خزانوں کو قبضہ کرنے کے علاوہ قدرتی اعلیٰ زرعی پیداواروں،فصلوں، قدرتی موسموں اور معتدل آب وہوا رکھنے والے سرزمین کے باسیوں کے خلاف سلیکٹڈ حکومت اور خصوصاً فورس کی جانب سے آئے روز لوگوں کو تنگ کرنے، ہرنائی کوئٹہ سفر کواجیرن بنانے،تمام پہاڑی سلسلوں کے چوٹیوں پر چوکیاں قائم کرنے، کوئلہ کے پہاڑی ایریاز میں مائنز کی مشینری جلانے، مائنرز،ٹھیکیداروں، لیبرز،عوام کی عدم تحفظ کے واقعات اورآئے روز کام کی بندش قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک جانب پروردہ تخریب کاروں کے ذریعے کوئلہ کانکنی بند کرنے اور تمام کول مائنز ایریاز پر قبضہ جمانے اور تمام ٹھیکیداروں کو کام بند کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر خصوصاً ہرنائی میں تمام کاروبار کی بندش اور اس سے پیدا ہونیوالی صورت حال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔




