
کوئٹہ (سٹی رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوئٹہ اظہر اکرم ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفند کاکڑ ، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر جواد رفیعی نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ نے نویں محرم اور عاشورہ کے جلوس کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں 6500 پولیس آفیسران اور اہلکار جلوس کے روٹ پر تعینات کئے جائیں گے اور جلوس کی 250 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں ، ڈراﺅن کیمروں، ہینڈی کیم کیمرے سے مانیٹرنگ کے علاوہ ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی کی جائے گی۔ فرنٹیئر کور کی بھی نفری تعینات ہوگی اس کے علاوہ 3 بٹالین پاک فوج کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے اسٹینڈ بائی رہے گی۔ جلوس کی سوئپنگ، سرچنگ ہوگی اور جلوس کے روٹ پر آنے والی دکانوں، مارکیٹوں، پلازوں اور عمارتوں کو سیل کیا جائے گا۔ نویں اور دسویں محرم کو موبائل سروس بند رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ڈی آئی جی آفس کوئٹہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ اسد خان ناصر ، ایس پی سیکورٹی محمد نعیم خان اچکزئی اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشین شہزادہ فرحت جان احمد زئی بھی موجود تھے۔ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اظہر اکرم نے بتایا کہ ساتویں محرم کے جلوس کے موقع پر پولیس نے موثر انتظامات کئے تھے۔ اسی طرح نویں محرم الحرام کے جلوس کے لئے بھی مکمل انتظامات کئے گئے ہیں جلوس کے روٹ پر آنے والی دکانوں، مارکیٹوں، پلازوں کی سوئپنگ، سرچنگ کے بعد سیل کیا جائے گا اور جلوس کے روٹ پر جیمرز بھی ہوں گے اس حوالے سے پولیس نے انتظامیہ ، علماءکرام اور تاجر برادری کے ساتھ ملکر مختلف میٹنگز منعقد کرکے حکمت عملی طے کی ہے اور انہوں نے اپنے تعاون کی بھر پور یقین دہانی کروائی ہے انہوں نے کہا کہ 9 اور 10 محرم کو موبائل سروس بند رہے گی۔ جلوس کے روٹ پر 6500 پولیس آفیسران اور جوان تعینات ہوں گے۔ بغیر کارڈ کے کسی کو جلوس میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نویں محرم کی شب جلوس کے روٹ کو سیل کردیا جائے گا اور جلوس کی کوئٹہ سیف سٹی ، ڈی سی تھری ، ڈی آئی جی اور دیگر 250 سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کریں گے اس کے لئے آئی جی آفس اور ڈی آئی جی آفس میں کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں جلوس کی فضائی نگرانی کے علاوہ ڈراﺅن اور ہینڈی کیم کیمروں سے بھی مانیٹرنگ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی کوشش ہے کہ پر امن ماحول اور سیکورٹی کو ممکن بنایا جائے پاک فوج اور ایف سی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے گی اس لئے ہم نے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفند خان کاکڑ نے کہا ہے کہ جلوس کے روٹ کی صفائی ، سیوریج کے سسٹم اور اسٹریٹ لائٹس کی سہولیات مہیا کردی گئیں ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ جلوس کے روٹ پر شرکاءکو تمام سہولیات مہیا کریں اس کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ ہمیں جن چیزوں کی نشاندہی کی گئی تھی ان میں بہتری لائی گئی ہے جس میں صفائی، سیوریج کا سسٹم اور اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے اور جلوس تک ہم تمام سہولیات مہیا کریں گے۔ بلوچستان شعیہ کانفرنس کے صدر جواد رفیعی نے کہا ہے کہ پولیس نے جس طرح ساتویں محرم میں انتظامات کئے تھے وہ قابل تعریف ہے اور ہم ان انتظامات سے مطمئن ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ پولیس اور انتظامیہ نویں محرم الحرام اور عاشورہ کے جلوس کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کریں جلوس ساڑھے 8 بجے اپنے مقررہ مقام سے برآمد ہوگا اور اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا نماز مغرب سے قبل اختتام پذیر ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں اہل تشیع کی اتنی آبادی نہیں تھی اور جلوس کے شرکاءکی تعداد بھی کم تھی وقت اور حالات کے ساتھ ساتھ اہل تشیع کی آبادی 1 لاکھ سے بڑھ کر اب 8 لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور جلوس میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد شریک ہوتے ہیں اور جلوس میں 30 دستے حصہ لیتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ جلوس کو بحفاظت مقرر کردہ وقت میں اختتام پذیر کرایا جائے۔ کیونکہ محرم الحرام کا مہینہ صبر، بھائی چارگی کا درس دیتا ہے۔ ہم نے اپنے 1950 اور 60 کی دہائی کے ماحول کو بحال کرنا ہے کیونکہ ہماری کوششوں سے آج اہلسنت اور اقلیتی برادری سے مسیح اور ہندو بھی جلوس میں آتے ہیں تاکہ بھائی چارگی کو فروغ دیا جاسکے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈی آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس نے ماضی کی صورت حال کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ساتویں، نویں محرم الحرام اور عاشورہ کے جلوس کے موقع پر موبائل سروس بند رکھنے کے لئے وزارت داخلہ کو مراسلہ لکھا ہے ہماری کوشش ہوگی کہ نویں اور دسویں محرم کو جلوس کے موقع پر ہی موبائل سروس بند رکھیں لوگوں کے تحفظ کے لئے پولیس نے کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں پکنک پر جانے والے لوگوں کے لئے بھی حفاظتی انتظامات کئے تھے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہری نو اور دس محرم کو پولس کی زحمت سے بچنے کے لئے اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکل کے کاغذات اور اصل شناختی کارڈ ہمراہ رکھے۔ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے سیکورٹی اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ جلوس میں ہم آہنگی اور بھائی چارگی کو فروغ دیں۔




