اہم خبریںپاکستان

پشاور میں پی ڈی ایم آج سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، جلسہ کی تیاریاں مکمل

پشاور:  پشاور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ آج سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی ، رنگ روڈ کبوتر چوک میں جلسہ کی تیاریاں مکمل ہیں، جلسہ گاہ کے قریب تجارتی مراکز اور روڈ بندکر دیئے گئے۔

پی ڈی ایم نے رنگ روڈ میں آج میدان سجا لیا، مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کی آمد دوپہر کے بعد متوقع ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان ہفتہ کے روز سے ہی پشاور میں موجود ہیں۔ اپوزیشن کے مرکزی رہنماوں کیلئے ظہرانے کا اہتمام اے این پی رہنما غلام بلور کے گھر پرکیا گیا ہے۔

جلسہ میں ڈی جے بٹ کارکنوں کا لہو گرمائیں گے ،4 ہزارسے زائد پولیس افسران واہلکارامن وامان کی ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ اپوزیشن رہنماوں کیلئے 8 فٹ اونچا ،32 فٹ چوڑا اور120 فٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ ٹریفک کے نظام کو کنٹرول کرنےکے لیے ایک ہزار ٹریفک اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔جلسہ گاہ کے اطراف میں موبائل سروس جزوی بند کر دی گئی۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ عوامی تحفظ کے معاملے پر غیر ذمہ دارانہ سیاست کی جا رہی ہے، اپوزیشن ایسے وقت جلسے کرنے پر بضد ہے جب کورونا پھیل رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پی ڈی ایم ارکان سخت لاک ڈاؤن چاہتے تھے اور تنقید کرتے تھے، اب یہ لوگ عدالتی احکامات کی خلاف وزری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا جب کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے یہ لوگ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور جلسہ منعقد کر رہے ہیں۔

حکومتی موقف پر رد عمل دیتے ہوئے پی ڈی ایم سربراہ مولانافضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ جعلی حکمران جو مرضی کرلیں پشاور میں جلسہ ضرور ہوگا، ووٹ چوری کرنے والوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں تاریخی جلسہ ہوگا جسے دیکھ کر حکومت کے ہوش اڑیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button