امریکا: صدارتی انتخاب کے بعد مظاہرے، پورٹ لینڈ اور نیو یارک سے 60 افراد گرفتار

امریکا میں صدارتی انتخاب کے بعد ملک کے دو مختلف شہروں پورٹ لینڈ اور نیویارک میں رات گئے مظاہرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 60 سے زائد گرفتاریاں کی گئیں جبکہ پولیس نے آتش گیر مادہ، ہتھوڑے اور ایک رائفل بھی قبضے میں لیا۔
اوریگون کے گورنر کیٹ براؤن نے امریکی صدارتی انتخاب میں ووٹنگ کے بعد رات کو ’بڑے پیمانے پر تشدد’ مظاروں کے جواب میں ریاست کے نیشنل گارڈ کو متحرک کیا تھا۔
پورٹ لینڈ پولیس نے بتایا کہ انہوں نے شہر کے نواحی علاقوں میں 10 مظاہرین کو گرفتار کیا جبکہ نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ (این وائی پی ڈی) نے بتایا کہ انہوں نے شہر میں جاری مظاہروں سے تقریبا 50 افراد کو گرفتار کیا۔
انتخابات کی بات کی جائے تو امریکی صدارت کے لیے ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن اب وائٹ ہاؤس سے محض چند قدم کی دوری پر ہیں اور شکست کی صورت میں نتائج نہ تسلیم کرنے کی دھمکی دینے والے امریکی صدر کے لیے دوبارہ صدر بننے کی راہیں مسدود ہوتی جارہی ہیں۔
اب تک کے غیر حتمی نتائج کے مطابق جوبائیڈن 264 الیکٹورل ووٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکے جبکہ ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈونلڈ ٹرمپ 214 الیکٹورل ووٹس کے ساتھ ان سے کہیں پیچھے ہیں۔




