بھارت : پوجا سے پہلے پرساد کیوں کھایا؟ سفاک ماں نے 4 سالہ بچی کو مار مار کر قتل کردیا
بھارت میں سفاک ماں نے پوجاسے قبل پرساد کھانے پر اپنی 4 سالہ بیٹی کو قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے ضلع سمستی پور میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک ماں اپنی بچی کی قاتل بن گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 4 سالہ بچی کے والد راجو پاسوان کے مطابق ’ خاندان مذہبی رسم کی تیاریوں میں مصروف تھا ، خاندان کے دیگر افراد تہوار کے انتظامات کے لیے قریبی گھاٹ پر گئے ہوئے تھے جبکہ اہلیہ رینا کماری گھر میں پوجا کے ’پرساد‘ کی تیاری میں مصروف تھیں۔
بچی کے والد کے مطابق ’اسی دوران 4 سالہ بچی سہانی نے پرساد کھالیا جس پر اہلیہ رینا کو غصہ آگیا اور اس نے بچی کو بری طرح پیٹنا شروع کردیا، جس سے بچی کی طبیعت بگڑ گئی بعد ازاں اسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بیٹی کو مردہ قرار دے دیا‘۔
راجو پاسوان نے پولیس کو بتایا کہ ان کی بیٹی کے جانے کے بعد ان کیلئے تہوار کی خوشیاں ماند پڑگئی ہیں، راجو پاسوان نے اہلیہ کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب انہیں رینا کی ضرورت نہیں وہ اپنے تینوں بچوں کو اکیلے پال لیں گے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے رینا کو گرفتار کرلیا ہے اور اس کیخلاف مزید تفتیش جاری ہے۔
