وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات نظر انداز
وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات نظر اندازکردی گئیں، کھارادر اور وزیر مینشن میں بارش کے بعد جمع گندہ پانی نکالا نہ جا سکا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیر کی رات 12 بجے تک یہاں صفائی کی ہدایت کی تھی۔ مراد علی شاہ نے شہر کی اہم شاہراہوں کی مرمت کے لیے بھی دو دن کا وقت دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے ایم سی، واٹر بورڈ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، کے ڈی اے، ڈی ایم سیز ہم آہنگی سے کام کریں، مزید نہیں سنیں گے کہ یہ کسی اور کا کام ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے شہر قائد کے تمام علاقوں کی کلیئر رپورٹ طلب کی تھی۔ انہوں نے اس موقع پر بارش کے بعد پیدا مسائل جلد از جلد حل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے تھے۔