مریم نواز اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئیں

0 24

ایون فیلڈ ریفرنس میں پیش ہونے کے لیے مسلم لیگ نون کی رہنما اور سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز مری سے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج ایون فیلڈ، العزیزیہ ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں پر جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ سماعت کرے گا۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں سزاؤں کے خلاف نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے اپیلیں کر رکھی ہیں۔نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر ایون فیلڈ کیس میں اس وقت ضمانت پر ہیں۔

العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نوازشریف کو احتساب عدالت نے 7 سال قید سنائی تھی، میاں نوازشریف نے سزا کے خلاف اپیل کر رکھی ہے، جبکہ نیب نے العزیزیہ کیس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے کے لیے اپیل کر رکھی ہے۔احتساب عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کر دیا تھا، نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں بھی نواز شریف کی بریت کے خلاف اپیل کر رکھی ہے۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی، اسی کیس میں مریم نواز کو 7 سال اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ کیس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزائیں معطل کی تھیں۔سپریم کورٹ نے بھی ایون فیلڈ کیس میں نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر کی سزائیں معطل رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستوں پر بھی سماعت ہو گی۔نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت سے قبل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر سماعت ہو گی۔رہنما مسلم لیگ نون مریم نواز آج بارہ کہو میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے میں بھی شرکت کریں گی۔مریم نواز مری سے براستہ بارہ کہو اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچیں گی، اٹھال چوک بارہ کہو میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے ہیں۔

مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نون لیگی رہنما و کارکن بڑی تعداد میں پارٹی کے جھنڈے اٹھائے عدالتِ عالیہ کے باہر موجود ہیں جو اپنی لیڈر کے حق میں نعرے بھی لگا رہے ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، وکلاء کو بھی عدالت میں داخل ہونے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.