ہماری آواز ریاست کے خلاف نہیں جمہوریت کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے ہے ، عبدالرحیم زیارت وال

0 29

کراچی : پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما عبدالرحیم زیارت وال نے کہا کہ ملک کو جن بحرانوں کا سامنا ہے، اس کی اصل وجہ حکمرانوں کی غلط داخلہ پالیسی ہے۔ آئین پاکستان نے تمام قومیتوں کے حق کی ضمانت دی ہے اور ان کے حقوق کا تحفظ دیا ہے۔ آئین شکن جرنیلوں نے آئین کو چند صفحات کی کتاب قرار دے کر ہمیشہ اس کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین سے رو گردانی کی جا رہی ہے۔ ڈمی لوگوں کو عوام پر مسلط کیا جاتا ہے،جس کی وجہ سے پاکستان کو دنیامیں تماشا بنا دیا گیا ہے۔ آج ملک کی عدلیہ آزاد ہے نہ پارلیمنٹ خود مختار ہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اس لیے وجود میں آئی ہے کہ وہ 26 نکاتی اعلامیہ کے تحت ملک میں آئین کی حکمرانی بحال کرے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی ٹیلیفون کال کے انتظار کا اقرار کرکے حکمرانوں نے ملکی وقار کو داو پر لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی وقار آئین کی حکمرانی کی بحالی کے لیے پی ڈی ایم کے ساتھ عدلیہ، میڈیا اور دوسری جمہوری قوتوں کو بھی میدان عمل میں نکلنا ہو گا۔ جب تک آئینی ادارے اپنے دائرہ اختیار میں کام نہیں کریں گے۔، ملک سے انارکی اور بے چینی کا خاتمہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں تیسری قوت کی مداخلت روکنا ہو گی۔ سیاست میں بے جا مداخلت کی وجہ سے ملک میں بے چینی پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان کاکڑ کو کس جرم میں شہید کیا گیا۔ جو لوگ قوموں کے حق کی بات کریں گے کیا انہیں منظر سے ہٹا دیا جائے گا۔ یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست کے خلاف نہیں ہیں، آمریت کے خلاف ہیں۔ ہماری آواز ریاست کے خلاف نہیں جمہوریت کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے ہے۔ یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ پشتونوں نے فاطمہ جناح کے ساتھ مل کر ایک آمر پشتون کے خلاف تحریک چلائی۔ آج جمہوریت و آئین کی بالادستی کے لیے بات کرنے پر ہمیں غدار ٹھہرایا جاتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک کی داخلہ اور خارجہ پالیسی پارلیمنٹ کی مشاورت سے بنائی جائے اور قوموں کے وسائل حقوق کے تحفظ کا معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جائے

Leave A Reply

Your email address will not be published.