
اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز قومی اداروں کو متنازع بنا رہی ہیں۔ ملک میں عدم استحکام سی پیک کے دشمنوں کا ایجنڈا ہے۔ کسی قیمت پر ملک کی سیکیورٹی کو عدم استحکام کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ مریم صاحبہ نے ساری تقریر عدلیہ، نیب، فوج اور میرے خلاف کی لیکن یہ نہیں بتایا کہ ان کے چچا کی ضمانت مسترد کیوں ہوئی؟
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جو فیصلہ ان کے حق میں ہو وہ قبول، جو خلاف ہو وہ قبول نہیں ہے۔ یہ نہ استعفی دیں گے نہ عدم اعتماد لائیں گے۔ ایک سال تک این آر او کے بھوکے لوگ خاموش رہے، جب ان کو پتا لگا این آر او نہیں ملنا تو ان کو بیانیے یاد آ گئے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ دسمبر، جنوری میں جھاڑو پھر جائے گا۔ میں کہتا ہوں ‘’ن’’ سے ‘’ش’’ نکل جائے گی، یہ وقت ثابت کرے گا۔ ابھی تک نواز شریف اور مریم نواز نے میرے دس سوالوں کے جواب نہیں دیے۔ مریم نواز صاحبہ کو کہتا ہوں میرے خلاف غلط زبان استعمال نہ کریں، ایسا نہ ہو میں سب کچھ بھول جاؤں۔




