
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپوزیشن کی عسکری قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کے تناظر کہا ہے کہ ابھی تو میں نے صرف ملاقاتوں کا ذکر کیا ہے، ٹیلیفون ڈیٹا آؤٹ کردیا تو اس ملک میں قیامت آجائے گی اور میں اگر چاہوں تو مشرف کا بھی سارا کھاتہ بھی آؤٹ کرسکتا ہوں۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آخر کار ہر آدمی یہ کہ رہا ہے کہ اپنی فوج کے سربراہ اور انٹرسروسز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات میں کیا برائی ہے یہ تو اعزاز کی بات ہے اس میں شرماتے کیوں ہیں مجھے تو خوشی ہے آپ ملتے ہیں۔
اپوزیشن رہنماؤں کی آرمی چیف کے ساتھ ملاقاتوں کے تناظر میں انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات ایسا ہوا کہ آپ اندر بیٹھے ملاقات کررہے ہوتے تھے اور ملاقات طویل ہونے کی وجہ سے میں باہر انتظار کررہا ہوتا تھا۔




