اہم خبریںپاکستان

بلوچستان میں کورونا کیسز سامنے آنے پر 10 سکول، ایک یونیورسٹی بند

بلوچستان میں بھی کورونا کیسز سامنے آنے پر 10 سکول اور ایک یونیورسٹی بند کر دی گئی۔ کورونا کے خطرات کم نہ ہوئے، تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد کیسز سامنے آگئے، طلبہ اور سٹاف کے متاثر ہونے پر چاروں صوبوں میں کئی تعلیمی ادارے بند کرا دئیے گئے۔ پنجاب میں سکول کھلنے کے بعد 32 بچے اور 2 ملازمین کورونا کا شکار ہوگئے۔ سندھ میں تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد 89 بچوں اور ملازمین میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے۔

بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں بھی کورونا وائرس کے کیسز سامنے آگئے۔ کوئٹہ، ژوب، گوادر اور ڈیرہ بگٹی میں 10 سکول اور ایک یونیورسٹی بند کر دی گئی۔ خیبرپختونخوا میں 13 اساتذہ میں مہلک وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ٹانک اور مالاکنڈ کے دو سکولوں میں ایک، ایک کلاس روم بند کر دیا گیا، دیر بالا کے نجی سکول سے بھی دو کیس سامنے آگئے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ 6 ماہ تعلیمی ادارے بند ہونے سے تعلیم متاثر ہوئی، طلبہ کی صحت ہماری پہلی ترجیح ہے، کوئی بھی فیصلہ وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق ہی کیا جائے گا۔ دوسری جانب کورونا وائرس سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 415 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار 31 ہوگئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button