اہم خبریںپاکستان

گمشدگیوں، جرائم میں اضافہ: اسلام آباد ہائیکورٹ میں شہزاد اکبر کی طلبی کا حکمنامہ جاری

اسلام آباد:   وفاقی دارالحکومت میں جرائم، گمشدگیوں اور زمینوں پر قبضوں کے بڑھتے کیسز میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے مشیر داخلہ شہزاد اکبر کی طلبی کا حکم نامہ جاری کر دیا۔

حکمنامے کے مطابق چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد میں زمینوں پر قبضوں کے جرائم تیزی سے بڑھ رہے ہیں، حیران کن طور پر ریاست کی وزارتیں اور ادارے رئیل سٹیٹ کا غیر قانونی کاروبار کر رہے ہیں، وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر 21 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ شہزاد اکبر بتائیں کہ کیا انہوں نے امن و امان کی صورتحال اور عام شہریوں کے تحفظ کیلئے وزیراعظم کو کوئی ایڈوائس دی، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد بھی ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں، جبکہ وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل اور صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے بھی قانونی معاونت طلب کی گئی ہے۔

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ اداروں اور وزارتوں کے ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں ملوث ہونا مفادات کے ٹکراؤ کا سنجیدہ سوال کھڑا کرتا ہے، رپورٹس بتا رہی ہیں کہ سسٹم کس طرح کرپشن زدہ ہو چکا اور تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے، اسلام آباد کی طاقتور ایلیٹ قانون کی دھجیاں بکھیرنے کی براہ راست ذمہ دار ہے، یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ ریاست عام شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہو چکی۔

عدالت کا کہنا ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے بنائے گئے ادارے بالواسطہ یا بلاواسطہ قانون توڑنے میں لگے ہیں، اسلام آباد میں امن و امان کی خوفناک صورتحال ناقابل برداشت ہے، عام شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، شہریوں کا نظام انصاف پر سے اعتبار اٹھتا جا رہا ہے، امن و امان کی یہ حالت اچانک نہیں بلکہ دہائیوں سے منتخب اور غیرمنتخب حکومتوں کی طرز حکمرانی کی وجہ سے ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button