امریکا: ریاست میئن میں شادی تقریب کے بعد 177 افراد کورونا سے متاثر، 7 ہلاک

امریکا کی شمال مشرقی ریاست میئن کے مضافات میں شادی کی ایک تقریب کورونا وائرس کے بدترین پھیلاؤ کا باعث بن گئی، جہاں 7 افراد ہلاک ہوگئے اور 177 افراد متاثر ہوئے جبکہ ریاست بھر میں مزید وبائی امراض کا خوف پھیل گیا۔
خبر ایجنسی ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریب اگست کے اوائل میں ہوئی تھی جس میں 50 افراد کی حد کو توڑتے ہوئے 65 افراد نے شرکت کی تھی۔
چرچ میں تقریب کے بعد بگ موزان میں عشائیہ دیا گیا تھا اور دونوں تقریبات خوب صورت قصبے ملینوکیٹ کے قریب منعقد کی گئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق اس قصبے کی آبادی صرف 4 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔
میئن میں ان تقریبات کے 10 روز بعد دو درجن سے زائد افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا اور سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے تفتیش بھی شروع کردی تھی۔
سی ڈی سی کے مقامی ڈائریکٹر نیروف شاہ نے شادی کی تقریب میں شامل ہونے والے افراد کی صحیح تعداد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد شادی کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے تھے۔
حکام کے مطابق مذکورہ تقریب سے ریاست کے کئی علاقے کورونا کے مرکز بن گئے اور اسی طرح اس علاقے میں 370 کلومیٹر دور ایک جیل میں 80 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔




