افغانستان میں نئی حکومت بنانے کی تیاریاں زور وشور سے جاری

ہیں۔ اس معاملے میں اہم مشاورت کیلئے ملا عبدالغنی برادر قطر سے کابل روانہ ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب افغانستان میں حالات معمول پر آنے لگے ہیں۔ کابل میں کاروباری مراکز کھل چکے ہیں۔ طالبان نے اعلان کیا ہے کہ خواتین کو تعلیم اور روزگار کی اجازت ہوگی۔ افغان میڈیا پر خواتین اینکرز بھی دوبارہ سکرینوں پر آ گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملا عبدالغنی برادر خصوصی طیارے کے زریعے قطر سے کابل پہنچیں گے۔ وہ کابل پہنچ کر تحریک طالبان کی جانب سے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ کابل میں ملکی اور بین الاقوامی میڈیا کو پریس کانفرنس کے ذریعے بریف کیا جائے گا۔ ملا عبدالغنی برادر افغان عوام کو بھی اعتماد میں لیں گے۔
ادھر برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ ملا عبدالغنی برادر نئے افغان صدر بننے کے لیے تیار ہیں۔ اخبار نے حکومت میں شامل ہونے والے دیگر اہم نام بھی ظاہر کئے ہیں۔ ان میں سراج الدین حقانی، ملا محمد یعقوب، سہیل شاہین اور خیر اللہ خیر خواہ شامل ہیں۔




