
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے گلگت بلتستان الیکشن میں نتائج کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔
گلگت میں آر او آفس کے سامنے انتخابی نتائج کے خلاف پیپلز پارٹی کے مظاہرین سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا ہے، ووٹ کا تحفظ کرنے والوں نے حکومت کا ساتھ دے کر اپوزیشن کو مات دی ، ان کو پتہ تھا پی ٹی آئی گلگت بلتستان میں صفر ہے ، پی ٹی آئی میں شمولیت کے لیے لوگوں پر دباوَ ڈالا گیا، انہیں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوجانے کے پیغامات دیئے گئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کو متنازع نہیں ہونے دیں گے، ہم اپنی انتخابی مہم جاری رکھیں گے، احتجاج جاری رکھیں گے ،ہم پر عوام کی طرف سے دباوَ ہے، سارے دروازے بند نہ کریں، حق نہ ملا تو ہمارا رخ اسلام آباد کی طرف ہو گا، ہمیں سخت پوزیشن لینے پر مجبور نہ کیا جائے۔



