
کوئٹہ : ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے مالی سال 2021- 22 کا جو تاریخی ترقیاتی بجٹ پیش کیا ہے اس کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی بجٹ عوام دوست بجٹ ہے جس میں ہر طبقے کے لئے آسانیاں پیدا کی گی ہیں خاص طور پر صحت تعلیم آبنوشی زراعت مین شاہراہوں کی کشادگی سمیت عوام کے مفاد عامہ کے منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے جبکہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبوں کے ترقیاتی بجٹ میں خاص طور پر بلوچستان کے لیے خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے جو خوش آیند ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی بجٹ میں وفاقی پی ایس ڈی پی میں 21 ارب کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ 229 منصوبوں میں سے 31منصو بے بلوچستان کے پسماندہ اضلاع کے لئے رکھے گئے ہیں جس پر بلوچستان کے عوام وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بے حد مشکور ہیں ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا
انہوں نے کہا کہ وفا قی بجٹ کے تناظر میں ہی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی نے ہدایت کی کہ موجودہ صوبائی بجٹ بھی عوام دوست بجٹ بنایا جائے جس میں صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہو کر کام کیا جائے تاکہ ہمارے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو بھی دوسروں صوبوں کی طرح روزمرہ کی سہو لیا ت بہم پہنچ سکیں اور ان کا معیار زندگی بہتر ہو ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ موجودہ صوبائی بجٹ میں تعلیم صحت ابنوشی اور زراعت سمیت تمام شعبوں کی ترقی کے لیے ایسے منصوبے بنائے جائیںگے جس سے اجتماعی طور پر عوام مستفید ہونگے جب کہ ماضی میں پی ایس ڈی پی میں ایسے منصوبے شامل کئے جاتے تھے جو کہ انفرادی نوعیت کے یا ایک مخصوص طبقے کو خوش کرنے کے لئے ہوتے تھے جن کے ثمرات سے عوام کبھی بھی مستفید نہیں ہو سکے لہذ ا موجودہ حکومت نے تمام ترقیاتی منصوبوں میں اجتماعیت کو فوقیت دیتے ہوئے بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر لانے اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے صوبائی حکومت موثر اقدامات اٹھا رہی ہے اس ضمن میں موجودہ صوبائی بجٹ میں تمام شعبوں کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے اس کے علاوہ صوبے سے بیروزگاری کے خاتمے کے لیے بھی نئی آسامیاں تخلیق کی جا رہی ہیں جس سے بیروزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی




