پی سی بی منانے میں کامیاب، عامر نے واپسی کا عندیہ دیدیا
کراچی ( سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ فاسٹ باؤلر محمد عامر کو منانے میں کامیاب ہوگیا ،جس کے بعد عامر نے قومی سلیکشن کے لئے دستیابی ظاہر کردی ہے ۔ محمد عامر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وسیم خان میرے گھر آئے میرے تمام تحفظات سنے ، یہ ملاقات پی ایس ایل سیکنڈ لیگ سے پہلے لاہور میں میرے گھر پر ہوئی تھی۔محمد عامر نے بتایا کہ وسیم خان نے تمام خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ، پہلی بار ہوا کہ بورڈ نے کھلاڑی کے مسائل سننے میں سنجیدگی دکھائی ، گھر آئے مہمان کی عزت کرنا میرا فرض ہے ، خود سے زیادہ ہمیشہ پاکستان کا سوچتا ہوں۔ محمد عامر نے کہا کہ مسائل حل ہونگے تو میں بھی پاکستان کیلئے دستیاب ہوں، میں باربار اس پر بات کروں گا تو لوگ کہیں گے کہ یہ جان بوجھ کر ایسا کررہا ہے ۔