آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میچ میں ڈرامائی انداز میں شکست
انگلینڈ نے آل راؤنڈرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 24رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ مانچسٹر میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بیئراسٹو بغیر کوئی رن بنائے مچل اسٹارک کی وکٹ بن گئے۔
اس مرحلے پر جو روٹ کا ساتھ دینے کپتان اوئن مورگن آئے اور دونوں نے مل کر اسکور 90 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر انگلینڈ کی بیٹنگ لائن ڈگمگا گئی۔ 39 رنز بنانے والے روٹ کے بعد جو بٹلر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے جبکہ مورگن 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو 117 رنز پر آدھی انگلش ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
سیم بلنگز کی ناکامیوں کا سلسلہ مزید دراز ہو گیا اور وہ محض 8 رنز بنا سکے جبکہ کرس ووکس 26 اور سیم کرن صرف ایک رن بنا سکے۔ 149 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد انگلش ٹیم کی اننگز جلد ختم ہوتی محسوس ہوتی تھی لیکن اس موقع پر عادل راشد اور ٹام کرن کی جوڑی آسٹریلین باؤلرز کی راہ میں حائل ہو گئی۔