
لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آج سے کنگسٹن میں آغاز ہو رہا ہے جس کیلئے گرین شرٹس کالی آندھی سے پنجہ آزمائی کیلئے تیار ہیں،پاکستانی وقت کے مطابق میچ 8 بجے شب شروع ہوگا۔ پاکستان نے بابر اعظم کی زیر قیادت 19رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں بابراعظم (کپتان)محمد رضوان،عبداللہ شفیق،عابد علی،اظہرعلی،فہیم اشرف،فواد عالم،حسن علی،عمران بٹ،محمد عباس،نسیم شاہ،نعمان علی،ساجد خان، سرفراز احمد،سعود شکیل،شاہین آفریدی،شاہنواز ڈاہانی،یاسر شاہ اور زاہد محمودشامل ہیں ۔دونوں ممالک کے درمیان اب تک کھیلی جانے والی 17سیریز کے دوران پاکستان کا 6-5سے پلہ بھاری ہے مگر ویسٹ انڈین سرزمین پر کھیلی جانیوالی آٹھ سیریز میں سے چار پر ہوم ٹیم کی حکمرانی رہی ہے جبکہ پاکستان نے ابھی تک صرف ایک سیریز جیتی ہے ۔




