لاک ڈاؤن، صنعت کاروں نے فیکٹریاں بند کرنا شروع کر دیں، لیبر فارغ
کراچی (آئی این پی ) شہر قائد میں کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد صنعت کاروں نے فیکٹریاں بند کر کے لیبر کو فارغ کرنا شروع کر دیا ، تفصیلات کے مطابق کورنگی میں واقع گارمنٹ ایکسپورٹ کی بڑی فیکٹری نے ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا ہے، ایک اور فیکٹری آرٹسٹک ملینئرز نے بھی بڑی تعداد میں ملازمین کو فارغ کر دیا۔نوکریوں سے فارغ ہونے والے ملازمین نے حکومت سندھ سے فریاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مدد کی جائے، ہم بھوکے مر جائیں گے، ملازمین کا کہنا تھا کہ ہماری نوکریوں کو وعدے کے مطابق تحفظ فراہم کیا جائے۔متاثرین کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے حکم نامہ جاری کیا تھا کہ کوئی نجی ادارہ یا فیکٹری ملازمین کو نوکری سے نہیں نکالے گی۔ ملازمین نے اے آر وائی نیوز کے نمایندے کو بتایا کہ مل کے مالک سیٹھ یعقوب کا کہنا تھا کہ وہ تنخواہیں نہیں دے سکتے اس لیے سب کو فارغ کیا جا رہا ہے۔ادھر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری نے ایک نوٹفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے کہا گیا ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن کے پیش نظر صنعتیں لازمی بند رہیں گی، چنانچہ ہم اپنے تمام ممبرز سے گزارش کر رہے ہیں کہ اپنے یونٹس (ضروری صنعت کے علاوہ) آج سے مکمل طور پر بند کر دیں۔