صلاحیتیں نکھارنے کیلئے 26 نوجوان کرکٹرز ہائی پرفارمنس کیمپ طلب
لاہور، کراچی ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کی سفارش پر26 کھلاڑیوں کو آج سے شروع ہونے والے نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ میں شرکت کیلئے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور طلب کرلیا ہے ۔ کیمپ میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ان کھلاڑیوں کوطلب کیا گیا ہے جو پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں حصہ نہیں لے رہے ۔ کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑیوں کو متعلقہ طرز کی کرکٹ سے متعلق ہی ٹریننگ فراہم کی جائے گی ۔ کیمپ میں طلب کردہ تمام کھلاڑی آج نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں رپورٹ کریں گے ، جہاں وہ 4 جون بروز جمعہ سے باقاعدہ ٹریننگ سیشنز کا آغاز کریں گے ۔ کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق ، اطہر محمود ، فیصل اکرم ، حارث سہیل ، عمران بٹ ، عرفان اللہ شاہ ، اسرار اللہ ، کامران غلام ، میر حمزہ ، محمد عباس ، محمد طحٰہ ، مبصر خان ، مختار احمد ، منیر ریاض ، نعمان علی ، عمیر بن یوسف ، صاحبزادہ فرحان ، ساجد خان ، سلمان ارشاد ، سعود شکیل ، تاج ولی ، عمر خان ، عثمان صلاح الدین ، وقار حسین ، یاسر شاہ اور ضیا الحق شامل ہیں۔ چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ہم ان کھلاڑیوں کومسابقتی کرکٹ کی ٹریننگ کے لیے ایک منظم ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کیمپ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سبب بننے کے ساتھ ساتھ انہیں ماہر کوچزکی زیرنگرانی اپنی خامیوں پر قابو پانے کا ایک بہترین موقع فراہم کررہا ہے ۔محمد وسیم نے امید ظاہرکی ہے کہ یہ کیمپ ہمارے بیک اپ میں موجود کھلاڑیوں کے پول کو مزید تقویت بخشنے میں معاونت کریگا۔ سربراہ انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلپمنٹ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے ، جہاں وہ اپنی صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلئے محنت کرسکیں۔ کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کی خامیوں کی نشاندی کرنے کے بعد ان کی مشاورت سے ان کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کی کوشش کی جائے گی۔




