کورونا یونان کے پناہ گزیں کیمپوں تک پہنچ گیا

ایتھنز ( آن لائن )یونان کی پناہ گزینوں اور مہاجرت سے متعلق وزارت نے ایتھنز کے پاس مہاجرین کے رتسونا کیمپ میں تقریبا اکیس افراد کے کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے کے بعد، کیمپ کو دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں کر دیا۔ پناہ گزینوں کے کیمپ میں کورونا وائرس سے سب سے پہلے ایک خاتون کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تھی، جن کی ایتھنز کے ایک اسپتال میں جانچ ہوئی تھی۔ وہ گزشتہ ہفتے ہی ماں بنی ہیں۔ یونان میں پناہ گزین کیمپ تک کورونا وائرس کی وبا کی تصدیق ہونے کے بعد یوروپی یونین نے ایسے مزید پر ہجوم کیمپوں میں اس وبا کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔داخلی امور سے متعلق یوروپی یونین کی کمشنر یلوا جانسن نے اس حوالے سے ڈی ڈبلیو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یوروپی کمیشن، ”اب یونانی حکام کے ساتھ مل کر ہنگامی اقدامات کا عملی منصوبہ مرتب کرنے کے لیے کافی محنت کررہا ہے۔ ابھی فوری منصوبہ یہ ہے کہ کمزور ترین اور بیمار لوگوں کو کیمپوں سے باہر نکال کر ہوٹل کے کمرے جیسے محفوظ ترین مقامات پر پہنچانا ہے۔”ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے یونانی حکام، انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) اور اقوام متحدہ ہائی کمیشن برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) جیسی عالمی تنظیموں کو طبی عملہ اور طبی آلات مہیا کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے رتسونا کیمپ میں وبا پھیلنے کو انتباہی اشارہ قرار دیا اور کہا کہ اس وقت، ”ہم سب پر یہ ذمہ داری ہے کہ یونان اور تارکین وطن کے ساتھ عملی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔” ادھر یونانی حکام نے رتسونا کیمپ تک رسائی کو محدود کر دیا ہے اور کہا ہے کہ کیمپ تک مزید طبی عملے اور غذائی اشیا کو بھیجنے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق کیمپ میں کام کرنے والے اسٹاف میں ابھی تک کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔#/s#



