سیکیورٹی ماہرین پر مکمل اطمینان، کرکٹ نیوزی لینڈ نے دورہ پاکستان کی منظوری دے دی

0 35

کراچی ( اسپورٹس ڈیسک ) سیکیورٹی ماہرین پر مکمل اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کرکٹ نیوزی لینڈ نے دورہ پاکستان کی منظوری دے دی،بنگلہ دیش کیخلاف سیریز ختم کرکے کیوی اسکواڈ 11ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گا،تین میچوں کی ون ڈے سیریز 17 ستمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگی،بنگلہ دیش میں موجود نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے نیوزی لینڈ کرکٹ کیلئے کام کرنے والے رگ ڈیکاسن پر پورا بھروسہ ہے ،حالیہ سیریز کے بعد پاکستان ٹور پر توجہ دیں گے ۔تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی ماہرین کی جانب سے کلیئرنس کے بعد کرکٹ نیوزی لینڈ نے رواں ماہ دورہ پاکستان کی منظوری دے دی جس کے مطابق بنگلہ دیشی کا دورہ مکمل کرکے کیوی اسکواڈ 11 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گا اور راولپنڈی میں تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 17 ستمبر سے شروع ہوگی جبکہ پانچ ٹی ٹوئنٹی لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔ایک کیوی ویب سائٹ کے مطابق یہ بات سمجھ میں آنے والی ہے کہ کرکٹ نیوزی لینڈ نے دورے کی منظوری سیکیورٹی ایکسپرٹ رگ ڈیکاسن کی رپورٹ کو سامنے رکھ کر دی ہے جو کہ کسی بھی دورے سے قبل معمول کی کارروائی ہوتی ہے جس پر گزشتہ بارہ سال سے کرکٹ نیوزی لینڈ اور کیوی کرکٹرز ایسوسی ایشن کے مابین مکمل اتفاق ہے ۔واضح رہے کہ مستقبل قریب میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے دورہ پاکستان سے قبل حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کی غرض سے آزاد سیکیورٹی ماہرین رگ ڈیکاسن اور ڈیوڈ اسنیئر نے گزشتہ دنوں لاہور اور راولپنڈی کا دورہ کیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنی مفصل رپورٹ کرکٹ نیوزی لینڈ اور ای سی بی کو ارسال کی تھی جس میں حفاظتی انتظامات سمیت دیگر تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق کرکٹ نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی ماہرین کی رپورٹ سے ڈھاکا میں موجود قائم مقام کیوی کپتان ٹام لیتھم کو بھی آگاہ کردیا ہے جن کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کی تکمیل کے بعد پاکستان کے دورے پر توجہ دے گی۔میڈیا سے گفتگو میں ٹام لیتھم کا کہنا تھا کہ رگ ڈیکاسن طویل عرصے سے کرکٹ نیوزی لینڈ کیلئے فرائض کی انجام دہی کر رہے ہیں جن کے کام پر پورا بھروسہ ہے کیونکہ مروجہ طریقہ کار کے مطابق ان کی رپورٹس کی بنیاد پر کیوی ٹیم بنگلہ دیش پہنچی اور اس سیریز کی تکمیل کے بعد پاکستان ٹور پر توجہ دی جائے گی جہاں میچوں کے دوران شائقین کی موجودگی بہترین ماحول فراہم کرنے کا باعث بنے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.