‘چیف جسٹس کو سموسے، چینی کی قیمت کے نہیں، آئینی معاملات کے فیصلے کرنے چاہیے’
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم وکلا برادری، ججز کا بہت احترام کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے وکلا کی تحریک سے جو امیدیں وابستہ تھیں وہ پوری نہیں ہوئیں، میرے حساب سے چیف جسٹس آف پاکستان کو سموسے، چینی کی قیمت کا تعین نہیں بلکہ آئینی معاملات کے فیصلے کرنے چاہیے۔
لاہور ہائی کورٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عدلیہ وہ مقام ہے جہاں قانونی تصورات، آئینی نظام، بنیادی انسانی حقوق کی جدوجہد ہونی چاہیے یہ فیصلہ نہیں کہ کہاں ڈیم بنانا ہے کہاں نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سال 2008 میں جمہوریت کی بحالی کے بعد یقین تھا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان آہستہ آہستہ جمہوریت کی جانب بڑھ رہا ہے لیکن عمران خان کے دور میں واضح ہوگیا ہے کہ پاکستان جمہوریت کی جانب نہیں بلکہ اس کے مخالف سمت بڑھ رہا ہے۔