وزیراعظم کو کراچی کے مسائل پر صحیح بریف نہیں کیا جارہا، مصطفیٰ کمال
کراچی : پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو کراچی کے مسائل پر صحیح بریف نہیں کیا جارہا۔
پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے 3 سال قبل کہا تھا کراچی کا ماسٹر پلان نہیں بنا ہوا، وزیراعظم کراچی کے مسائل پر سنجیدہ نہیں ہیں۔مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وزیراعظم کراچی کے مختصر دورے کر کے چلے جاتے ہیں، وزیراعظم کےفورمنصوبہ مکمل ہونے کی ہر بار نئی تاریخ دے دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے 2023 میں کےفور منصوبہ مکمل ہونے کا دعویٰ کیا، 2023 میں بھی کےفور منصوبہ مکمل نہیں ہوگا، کےفور منصوبہ مکمل بھی ہوا تو گھروں میں پانی نہیں آئے گا، کےفور منصوبے کی لائنیں حب ریور میں ختم ہوجائیں گی، حب ریور سے لالو کھیت میں پانی کیسے آئے گا؟مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پانی چور امریکا، روس سے زیادہ طاقتور ہیں؟ ارکان اسمبلی، سرکاری افسران پانی چوری میں ملوث ہیں، پاکستان کی آمدن کا 70 فیصد کراچی دے رہا ہے۔
پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے مزید کہا ہے کہ سندھ کے پانی کا ڈیڑھ فیصد بھی کراچی کو نہیں دیا جارہا، دنیا چاند پر جارہی ہے اور کراچی والے پانی کو رو رہے ہیں، کراچی میں ایسےعلاقے بھی ہیں جہاں سال میں صرف 6 گھنٹے پانی آتا ہے، کراچی والوں کا پانی چوری کر کے اربوں روپے میں فروخت ہورہا ہے۔