سوشل میڈیا نے 82سالہ بزرگ کو 70 سال بعد اپنی 100 سالہ والدہ سے ملادیا
ڈھاکہ : مقامی میڈیا کے مطابق 82 سالہ عبدالقدوس کو 10 سال کی عمر میں اپنے چچا کے پاس رہنے کیلئے بھیجا گیا، جہاں سے بھاگ جانے کے باعث اپنے خاندان سے اس کا کبھی رابطہ نہ ہو سکا، اس دوران 2 بہنوں نے اسے گود لے لیا۔ رواں سال اپریل میں عبدالقدوس نے فیس بک پر ویڈیو پوسٹ کی جس میں اپنے والدین کی تلاش میں مدد دینے کی اپیل کی، اسے صرف والدین اور گاؤں کے نام یاد تھے ۔ بعدازاں عبدالقدوس کے آبائی گاؤں سے ایک رشتہ دار نے رابطہ کرکے اسے بتایا کہ اس کی والدہ زندہ ہے ۔ اس پر عبدالقدوس مغربی شہر راج شاہی سے 350 کلو میٹر کا سفر کرکے اپنے گاؤں پہنچا ، جہاں اس کی والدہ اور بہن نے ہاتھ پر ایک نشان کی وجہ سے اسے پہچان لیا۔