
کوئٹہ : وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کا پشتون کلچر ڈے کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ ہمارا صوبہ مختلف اقوام، قبیلوں اور رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والوں کا گلدستہ ھے۔ ہمارے صوبے کی منفرد ثقافت، روایات اور تہذیب و تمدن یہاں بسنے والے لوگوں کی پہچان ہے۔ زندہ اور باشعور قومیں اپنے ثقافتی و روایاتی اقدار اور تاریخی ورثے کا تحفظ کرتی ہیں۔ صوبے کی ادبی تاریخ میں پشتون شعراء،ادیب،مؤرخین اور مصنفین نے صوبے کی تہذیبی،ثقافتی،تاریخی،اور روایتی ترجمانی احسن انداز سے کی ہے۔
پشتو ادب کے نامور شعراء نے اپنے کلام میں ہمیشہ پشتون قوم کو ملی یگانگت،ہم آہنگی،قومی یکجہتی،بہادری،اتحاد و اتفاق اور ہر قسم کے تعصب سے بالاتر مثبت اور تعمیری سوچ کا درس دیا ہے۔
آج کے نوجوان کو ان تمام تعمیری پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبے کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ پشتون کلچر کو روایتی علاقائی رقص ،کھانے اور پہناوے کا انداز منفرد بناتا ہے۔
پشتون ولی کو مصنفین نے اپنی کتب میں نمایاں جگہ دی ہے جس کا مقصد رواداری،برداشت،تحمل مزاجی،اور میانہ روی پر عمل کرتے ہوئے اجتماعیت کو فروغ دینا ہے۔
آج کا یہ دن ہمیں ان تمام مثبت اصولوں پر پوری طرح سے عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے اور تخریبی سوچ کی نفی کرتے ہوئے ایک تعمیری معاشرے کی تشکیل کی جانب راغب کرتا ہے۔



