
کراچی : سندھ حکومت نے اپنے فیصلے پر یوٹرن لے لیا، سکولز 30 اگست سے نہیں کھلیں گے۔
سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال کے بعد سندھ حکومت نے اور حکمنامہ جاری کر دیا ہے، محکمہ تعلیم سندھ نے سکولز تاحکم ثانی بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سکولز تاحکم ثانی بند کرنے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ سندھ میں سکولز 30 اگست سےنہیں کھلیں گے، سکولز کھولنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا،
واضح رہے کہ سندھ میں عالمی وبا کی چوتھی لہر بالخصوص ڈیلٹا قسم کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر 26 جولائی سے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے تاہم امتحانات شیڈول کے مطابق ہونے کا اعلان کیا گیا تھا۔ بعدازاں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد سندھ میں یکم اگست سے 8 اگست تک سخت لاک ڈاؤن بھی لگایا گیا تھا تاہم اس میں توسیع نہیں کی گئی تھی۔ محکمہ تعلیم سندھ نے اپنے ماتحت تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 19 اگست تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
وزیر تعلیم سندھ نے اعلان کیا تھا کہ سکولوں کو کھولنے کے لیے 20 اگست کی تاریخ مقرر کی گئی ہے اور 7 یا 8 محرم کو صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس بلایا جائے گا۔ بعد ازاں 17 اگست کو اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے 23 اگست سے صوبے میں اسکولز کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سندھ میں تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتے نہیں کھولیں گے، تعلیمی ادارے 30 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک ہفتے میں والدین، اساتذہ، سٹاف ویکسین لگائیں۔
دوسری طرف کورونا وائرس سے 65 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 24 ہزار 848 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 11 لاکھ 19 ہزار 970 ہوگئی۔




