اہم خبریںپاکستان

مینار پاکستان واقعے کے ملزمان کی کیمروں اور نادرا سے شناخت کی کوشش

لاہور: پولیس کی جانب سے گریٹر اقبال پارک میں خاتون کو حراساں کرنے کے ملزمان کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ موصول شدہ فوٹیجز نادرا کو بھیج رہے ہیں، اس سے ملزمان کی تصاویر حاصل کررہے ہیں، جلد ملزموں کو گرفتار کرلیں گے، انوسٹی گیشن پولیس متاثرہ خاتون کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔

غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ ملزموں کی گرفتاری کے لیے سیف سٹی کیمروں کی بھی مدد لے رہے ہیں ، گریٹر اقبال پارک کے سیکیورٹی عملے کے بھی بیانات لیے ہیں، خاتون کے ساتھی رپورٹر اور کیمرہ مین کا بھی بیان لیا جارہے ، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن خود تفتیش کی نگرانی کررہے ہیں۔

ادھر آئی جی پنجاب نے چئیر مین نادرا سے ٹیلی فون پر بات کی اور ملزموں کی شناخت کا عمل فوری شروع کرنے کیلئے کہا۔

آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ خاتون پر تشدد اور دست درازی کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔، متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی، چیئرمین نادرا کو ملزمان کی شناخت کے لیے تصاویر بھجوا دی گئی ہیں، نادرا کا عملہ چھٹی کے باوجود ان کی شناخت کے عمل میں مصروف ہے۔ ان کے خلاف تمام ثبوت اور شواہد اکٹھے کر کے انہیں گرفتار کیا جائے گا تاکہ وہ قرار واقعی سزا سے بچ نہ سکیں۔ ملزمان کے خلاف دفعہ 354-A ت پ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کی سزا عمر قید یا سزائے موت ہے۔ تمام ملزمان کو سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button